ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بائیڈن کی حلف برداری سے قبل امریکہ میں سخت حفاظتی اقدامات

بائیڈن کی حلف برداری سے قبل امریکہ میں سخت حفاظتی اقدامات

Mon, 18 Jan 2021 17:32:21  SO Admin   S.O. News Service

نیویارک ، 18/جنوری (آئی این اٖیس انڈیا)کانگریس کی عمارت (کیپٹل ہل) پر چھ جنوری کو ہونے والے حملے کے بعد اور نئے صدر کی حلف برداری پر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نطر واشنگٹن ڈی سی سمیت ملک بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

امریکی تفتیشی ادارے 'ایف بی آئی' نے محکمہ پولیس کو مطلع کیا ہے کہ نئے صدر کی حلف برداری تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی بنیاد پر مظاہرے متوقع ہیں۔

دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے علاوہ تمام امریکی ریاستوں نے بھی اپنے دارالخلافوں میں سرکاری عمارتوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

ڈی سی میں نیشنل گارڈ کی بڑی نفری کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ چھ جنوری کو کیپٹل ہل پر چڑھائی جیسا کوئی اور واقعہ رو نما نہ ہو پائے۔

جمعے کو پولیس نے واشنگٹن ڈی سی سے ملحقہ ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ایک مسلح شخص کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ کیپٹل پولیس کی ایک چیک پوسٹ سے گزرنے کی کوشش کررہا تھا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شخص کے پاس صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے جعلی کاغذات تھے۔ اس کے پاس ایک گولیوں سے بھری پستول کے علاوہ پانچ سو سے زائد راؤنڈز بھی برآمد ہوئے۔ اس شخص کو پانچ الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی سی کے علاوہ ورجینیا، مشی گن، وسکونسن، پینسلوینیا اور واشنگٹن ریاستوں نے نیشنل گارڈز کے دستوں کو حفاظتی اقدامات کو سخت کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔

ریاست ٹیکساس میں ریاستی کانگریس کی عمارت کو 20 جنوری کی حلف برداری تک بند کر دیا گیا ہے۔

کیپٹل ہل پر حملے میں ایک درجن سے زائد گروپ ملوث تھے: تحقیق

ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چھ جنوری کو کیپٹل ہل پر ہونے والی ہنگامہ آرائی میں ایک درجن سے زائد انتہا پسند گروپ ملوث تھے۔

ان میں سازشی نظریے کا گروہ (QAnon)، دائیں بازو کا ایک اور گروپ پراؤڈ بوائز، سفید فام لوگوں کی برتری پر یقین رکھنے والے گروپ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پکے حامی بھی شامل تھے۔

شہریوں کے حقوق کی علم بردار تنظیم 'ساؤدرن پاورٹی لا سینٹر' نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان گروپوں کے نمائندے کانگرس کی طرف سے جو بائیڈن کی انتخابات میں فتح کی توثیق کے دوران مظاہروں میں شامل ہوئے۔


Share: